فاٹا اصلاحات کا قبائلی علاقہ جات کے تمام شعبہ ہائے زندگی کو فائدہ ہو گا،وفاقی وزیر مشاہد الله خان

جمعرات 24 مئی 2018 18:22

فاٹا اصلاحات کا قبائلی علاقہ جات کے تمام شعبہ ہائے زندگی کو فائدہ ہو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد الله خان نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات کا قبائلی علاقہ جات کے تمام شعبہ ہائے زندگی کو فائدہ ہو گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے اپنے محصولات ہوں گے، ترقیاتی بجٹ میں وفاق اور صوبے بھی حصہ دیں گے اور وہاں کے نمائندے اپنے علاقہ کیلئے قانون سازی کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اقدام ہے اس تاریخی فیصلہ اور اصلاحات کیلئے بھی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اصلاحاتی کمیٹی بنائی جس میں تمام فریقین کو اعتماد میں لیا اور آج اس کے نتیجہ میں ایک تاریخی بل پاس ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کیلئے موجودہ حکومت نے آتے ہی سنجیدہ کوششوں کو آغاز کیا، پہلی مرتبہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا اور کراچی آپریشن کی منظوری دی اور آج کراچی میں امن ہے اور جو لوگ دن کی روشنی میں باہر نہیں نکلتے تھے آج وہ رات کی تاریکی میں بھی آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں اور کراچی کی روشنیاں بحال ہو گئی ہیں۔