فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے سے ترقی و خوشحالی کی شروعات ہو گی، امیر حیدر خان ہوتی

جمعرات 24 مئی 2018 18:22

فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے سے ترقی و خوشحالی کی شروعات ہو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا و رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے سے ترقی و خوشحالی کی شروعات ہو گی، اس سے فاٹا کی تمام محرومیاں ختم ہوں گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام سے نہ صرف فاٹا خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، اس سے فاٹا میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، فاٹا انضمام سے جمہوریت مستحکم ہو گی، جو مسئلہ سالوں سے التواء کا شکار تھا اسے جمہوری عمل کے ذریعے حل کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کا معاملہ جمہوری عمل ہے اگر پارلیمنٹ نہ ہوتی تو یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا ہمارے جسم کا زخمی حصہ تھا جس کا آج علاج یعنی مرہم پٹی ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام نے بہت تکلیفیں اٹھائیں جس کی وجہ سے آج فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں فاٹا کو صوبہ میں ضم ہونے پر فاٹا کے عوام اور حکومت سمیت تمام جماعتوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے آج تاریخی کام کیا ہے۔