نواز شریف نے جو بویا ابھی تو وہ کاٹا بھی نہیں ہے،مولا بخش چانڈیو

مریم نواز آج اگر کٹہرے میں ہیں تو اس کا ذمہ دار خود نواز شریف ہے،رہنما پیپلزپارٹی

جمعرات 24 مئی 2018 17:45

نواز شریف نے جو بویا ابھی تو وہ کاٹا بھی نہیں ہے،مولا بخش چانڈیو
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف نے جو بویا ابھی تو وہ کاٹا بھی نہیں ہے۔جو کچھ ہو رہا ہے وہ نواز شریف کا اپنا کیا دھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز آج اگر کٹہرے میں ہیں تو اس کا ذمہ دار خود نواز شریف ہے۔میاں صاحب آپ انتقام کے وقت بھول گئے تھے کہ بینظیر بھٹو بھی کسی کی بیٹی ہیں۔

آپ کو مادر جمہوریت نصرت بھٹو پر مقدمے بناتے ہوئے مشرقی روایات کا خیال کیوں نہ آیا۔محترمہ شہید کو ایک دن میں لاہور، کراچی اور پنڈی کی عدالتوں کے چکر آپ نے کٹوائے۔آصف زرداری صاحب کو جیلوں میں تشدد کیا، زبان اور گردن کاٹی۔بینظیر شہید بچے گود میں لئے جیل کے باہر کڑی دھوپ میں کھڑی ہوتی تھیں تو آپ اس پر خوش ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

آج آپ کی اپنی حکومت ہے مریم بی بی پر مقدمے کسی سیاسی مخالف نے نہیں بنائے۔

میاں صاحب آپ نے خود اپنے بچوں کو اپنی کرپشں چھپانے کیلئے پھسایا ہے۔ مولابخش چانڈیونے کہا کہ آپ کا اپنا کیا آپ کے آگے آیا ہے یہ قدرت کا انتقام ہے۔نواز شریف اب بھی وقت ہے محترمہ شہید کی قبر پر جاکر معافی مانگیں۔نواز شریف آصف زرداری سے معافی مانگیں جو آپ کی وجہ سے گیارہ سال جیلوں میں رہے۔میاں صاحب اب بھی وقت ہے قوم کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کریں۔ہم بیٹیوں کا احترام کرنے والے ہیں، لیکن یہ سب میاں صاحب ما اپنا کیا دھرا ہے۔