منیبہ مزاری 10 سال بعد اپنے پیروں پر کھڑی ہوگئیں

جمعرات 24 مئی 2018 17:45

منیبہ مزاری 10 سال بعد اپنے پیروں پر کھڑی ہوگئیں
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان کی حوصلہ مند معروف مصورہ منیبہ مزاری 10سال بعد اپنی ویل چیئر سے کھڑی ہوگئیں۔منیبہ روبوٹک ٹانگوں کی مدد سے ایک بار پھر بغیر کسی سہارے کے چلنے کے قابل ہو گئی ہیں ،ْ10 سال بعد ان کے چلنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی ،ْیہ تصاویر اور ویڈیو منیبہ مزاری نے امریکا کے ایک ہسپتال سے شیئر کیں۔

یاد رہے کہ 10 سال قبل ایک کار حادثے کے باعث منیبہ مزاری کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصان پہنچا تھا جس کے بعد وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہوگئی تھیں۔کار حادثے میں معذوری کے باوجود منیبہ کے عزم اور حوصلے میں کمی نہیں آئی اور انہوں نے وہیل چیئر پر بھی مصوری کے کام کو جاری رکھا۔خیال رہے کہ صنفی مساوات اور خواتین کو خود مختار بنانے کے اقوام متحدہ کے ادارے برائے خواتین (یو این ویمن) نے 2015 میں منیبہ مزاری کو پاکستان کی پہلی خاتون خیر سگالی کی سفیر بھی مقرر کیا۔

(جاری ہے)

کار حادثے میں اپنی دونوں ٹانگوں سے معذور ہونے والی منیبہ مزاری مصنفہ، گلوکارہ اور سماجی کارکن ہیں ،ْجو خواتین کے خلاف صنفی امتیاز کی روک تھام کیلئے سرگرم رہتی ہیں۔واضح رہے کہ منیبہ مزاری کا نام خواتین کیخلاف صنفی امتیاز کیلئے کام کرنے پر بی بی سی کی ’100 بااثر خواتین‘ کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔