حلقہ این اے 52 کے دو بڑے پراجیکٹس کا افتتاح (کل) ہو گا

164ملین روپے کی لاگت سے ڈھوک منشی پبلک پارک ، 48.850 ملین روپے کی لاگت سے دھاماں سیداں بنیادی مرکز صحت مکمل

جمعرات 24 مئی 2018 17:27

حلقہ این اے 52 کے دو بڑے پراجیکٹس کا افتتاح (کل) ہو گا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان حلقہ این اے 52 کے دوبڑے پراجیکٹس کا افتتاح (کل) جمعہ کو کریں گے ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق حلقہ این اے 52ڈھوک منشی میں 120کنال اراضی پر مشتمل پبلک پارک کا کام پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے ۔ پارک کی تعمیر پر164ملین روپے لاگت آئی ۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ یہ پارک (آج) جمعہ 25مئی کو دوپہر 3بجے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان قبل ازیں اس پارک کا افتتاح کرینگے جس کے بعد پارک کو عام شہریوں کیلئے کھول دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈھوک منشی پبلک پارک کی مینٹی نینس اور اس کی دیکھ بھال پی ایچ اے کی ذمہ داری ہو گی ، پارک میں ایک کلومیٹر کا جاگنگ ٹریک، فٹ بال گرائونڈ اور ہارڈ بال کرکٹ گرائونڈ بھی بنایا گیا ہے ۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان دھاماں سیداں میں 48.850 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بنیادی مرکز صحت کا افتتاح بھی (آج) 25مئی کو کریں گے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر محمد علی احسن نے اے پی پی کو بتایاکہ بنیادی مرکزصحت اڈیالہ دھاماں سیداں اور گرد ونواح کے علاقوں کے رہائشیوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہو گا ۔

ڈاکٹر علی نے بتایاکہ بنیادی مرکز صحت دھاماں سیداں میں ایک میڈیکل آفیسر ،ایک لیڈی ہیلتھ وزیٹر ،ایک ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر ،ایک ویکسینیٹر ،ایک مڈ وائف اور ایک نائب قاصد موجود ہو گا ۔انہوں نے بتایاکہ گوجر خان تحصیل میں جھنڈ ملہو ،جرموٹ کلاں ،سرسال ،ججہ ،جھونگل اور رامے سمیت 6، کلر سیداں میں سر صوبہ شاہ اور نالہ مسلماناں سمیت دو ،کوٹلی ستیاں میں کروڑ ،سیرولا ،ملوٹ ستیاں سمیت تین ،تحصیل کہوٹہ میں مٹور ،بیور اور نذر سمیت تین تحصیل مری میں کالی مٹی ،چڑھان ،تریٹ سمیت تین تحصیل راولپنڈی میں جبر درویش ،ڈھوک بدھال ،چک بیلی خان ،چکری ،ڈھوک بڑ ،ڈھولیال اور جھنڈوسمیت چھ جبکہ مجموعی طور چھبیس بنیادی مراکز صحت کام کر رہے ہیں جو ہفتے کے ساتوں دن عوام کو صحت کی دستیاب سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔