لارڈز ٹیسٹ ،حسن علی نے انگلش صفوں میں تباہی مچا دی

ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کا پلڑا بھاری

جمعرات 24 مئی 2018 17:04

لارڈز ٹیسٹ ،حسن علی نے انگلش صفوں میں تباہی مچا دی
لندن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2018 ء) دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں کھانے کے وقفے پر 3وکٹوں کے نقصان پر 72رنز بنا لیے ہیں ۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور الیسٹر کک اور اسٹونمین اننگز نے اننگز کا آغاز کیا۔انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز کے مجموعے پر گری اور سٹونمین 4 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد الیسٹر کک اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 21 رنز بنائے جس کے بعد جو روٹ 4 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہو گئے،ڈیوڈ مالان بھی محض4رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے جکڑے گئے ۔

(جاری ہے)

ٹاس جیتنے کے بعد انگلش کپتان جو روٹ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ٹیم پہلی اننگز میں اچھا سکور کرے گی،پچ بہت اچھی دکھائی دے رہی ہے اور پاکستان کے خلاف میچ کے لیے سب بہت پرجوش ہیں،انگلینڈ نے ٹیم میں مارک ووڈ کو شامل کیا ہے۔

پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کا ہی فیصلہ کرتے،سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور راحت علی کی جگہ حسن علی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو سال بعد ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ سیریز میں آمنا سامنا ہوگا، آخری مرتبہ 2016 ءمیں اوول میں انگلینڈ کو شکست دے کر قومی ٹیم نے پہلی مرتبہ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جو مختصر وقت تک برقرار رہی۔

گزشتہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی قیادت مصباح الحق اور انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک تھے تاہم اب دونوں ٹیموں کے کپتان نئے ہیں، گرین کیپس کی قیادت سرفراز احمد اور انگلش ٹیم کی کپتانی کے فرائض جو روٹ ادا کر رہے ہیں ۔ لارڈز ٹیسٹ کے لیے گیارہ رکنی قومی ٹیم اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہے ۔