Live Updates

گورنرسندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات

جمعرات 24 مئی 2018 17:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اختر نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں رمضان المبارک میں صفائی ستھرائی کے کاموں ، جاری ترقیاتی منصوبوں کے اطراف گذرگاہوں کے انتظامات، اشیائے خوردونوش با الخصوص پھلوںکو حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق یقینی بنانے ، انتخابات سے قبل عوام کو سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں اور شہر میں افہام و تفہیم کی فضا برقرار رکھنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ رمضان المبارک میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذیلی اداروں کے مابین مربوط ربط کے ذریعہ عوام کو سہولیات پہنچائی جا سکتی ہے ، اشیائے خوردونوش با الخصوص پھلوں کی حفظان صحت کے مطابق دستیابی یقینی بنانے کے لئے نگرانی کے موئثر انتظامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے اطراف متبادل گذرگاہوں کی تشکیل سے عوام کو پریشانی سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے ،انتخابات سے قبل ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو زیردست ریلیف فراہم کرنے میں مد د مل سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی و خوشحالی وفاق کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں شہر میں 75ارب روپے کی خطیر رقم سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو دور جدید کی سہولیات حاصل ہونگی ، لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل کے بعد گرین لائن ، پینے کے صاف پانی K-IV کا پہلا فیز مکمل ہونے سے عوام کو بنیادی سہولیات حاصل ہوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے ، وفاق شہر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تعاون جاری رکھے گا ، کراچی کو عالمی معیا ر کے شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے دیگر ترقیاتی پروگرام اہم ثابت ہونگے با الخصوص وفاق کے کراچی ترقیاتی پیکج سے شہر کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ترقی دینے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش اہمیت کا حامل ہے ، شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری تسلسل سے جاری ہے جبکہ صنعتی فعالیت ، معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، سیاسی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں روز برو اضافہ ہو رہا ہے ، کراچی ایک با ر پھر روشنیوں کاشہر بن گیا ہے جہاں رات گئے تک مثبت سرگرمیاں جاری رہتی ہے ضرورت اس امر کی ہے شہریوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات فراہم کی جائیں اس ضمن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بغیر ماسٹر پلان کے پھیلتے شہر کے مسائل زیادہ ہیں اس لئے ان کے حل کے لئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اس بات پر متفق ہیں کہ کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جائیں ، شہر میں بھتہ خوری ، دہشت گردی ، اغواء برائے تاوان جیسے جرائم کے خاتمہ سے عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے ۔

ملاقا ت میں میئر کراچی وسیم اختر نے گورنرسندھ کو رمضان المبارک میں صفائی ستھرائی ، مساجد کے اطراف میں صفائی کے خصوصی انتظامات ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں کے اطراف گذرگاہوں کی تشکیل اور اشیائے خوردونوش با الخصوص پھلوں کو حفظان صحت کے مطابق یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے منصوبہ کی تکمیل سے ٹریفک کے نظام میں بہتری آئی ہے دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو مزید ریلیف حاصل ہوگا ،جاری ترقیاتی منصوبے شہریوں کے لئے وفاق کے تحفے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج میں تشکیل دیئے جانے والے منصوبے عوام کو مزید سہولیات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہونگے ، شہر کے دیرینہ مسائل کے حل میں پیکج اہم ثابت ہوگا یہی وجہ ہے کہ عوام وفاق کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات