گورنر سندھ محمد زبیر کا قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن منصور احمد کی خدمات کو خرا ج تحسین پیش کرنے کے لئے استقبالیہ

جمعرات 24 مئی 2018 17:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن منصور احمد کی خدمات کو خرا ج تحسین پیش کرنے کے لئے گورنرہائوس میں استقبالیہ دیا جس میں منصور احمد کی والدہ ، بہن،کوچ شبیہ عباس سمیت ہاکی کے اولمپئنز، سابق کپتان اور مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والوںنے شرکت کی ۔ استقبالیہ میں پاکستان کو 1994ء کے ورلڈ کپ سمیت کئی میچ جتوانے والے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان منصور احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ اولمپیئن منصور احمد دنیا کے بہترین گول کیپر تھے، کئی مواقعوں پر اپنی بہترین گول کیپنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے قومی ٹیم کو سرخ رو کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی خصوصاً گول کیپنگ کے فروغ کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، منصور احمد ہاکی کے نوجوان کھلاڑیو ں کے لئے رول ماڈل ہیں نوجوانوں کو ان کے کھیل سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصور احمد نامور کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی تھے جو ہر مشکل اور پریشانی میں ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ شدید بیماری کے باوجود ان کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی ۔ گورنرسندھ نے منصور احمد کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔اس موقع پر سابق کپتان ا صلاح الدین صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم منصور احمد کے کھیل ، شخصیت اور زندگی کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی جبکہ مرحوم کی والدہ نے منصو ر احمد کے لئے اس تقریب کے انعقاد پر گورنرسندھ کا شکریہ اداکیا ۔

انہوں نے کہا کہ منصور احمد نہایت فرمانبردار بیٹا بھی تھا شدید بیماری کی حالت میں بھی اسے میرا خیال رہتا تھا اور اسپتال میں مجھے جاگتے دیکھ کر کہا کرتا تھا کہ امی آپ آرام کریں میں ٹھیک ہوں ۔ انہوں نے منصور احمد کی بیماری کے دوران خیال رکھنے پر قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تمام ڈاکٹروں اور طبی عملہ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔