سندھ ہائی کورٹ نے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق درخواست گزار کو قانونی دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دیدی

جمعرات 24 مئی 2018 16:29

سندھ ہائی کورٹ نے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق درخواست ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق درخواست گزار کو قانونی دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دیدی۔ دو رکنی بینچ کے روبرو شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طیب ترین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا 8 سے 12 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کرنے سے قبل اخبار میں اوقات شائع کرانے کا پابند ہے۔ غیر اعلانیہ بجلی منقطع کرنے سے متعلق متعدد عدالتی فیصلے موجود ہیں۔ عدالت عالیہ کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے روک چکی۔ عدالتی فیصلوں کے باوجود کے الیکٹرک کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات نہیں کر رہا۔ طیب ترین اور ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کو قانون دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کردی۔