Live Updates

مسلم لیگ ن کا عام انتخابات میں صادق اور امین اُمیدواروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

اُمیدواروں سے نواز شریف اور شہبازشریف پر اعتماد کا حلف نامہ بھی لیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 24 مئی 2018 15:15

مسلم لیگ ن کا عام انتخابات میں صادق اور امین اُمیدواروں کو ٹکٹ دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں صادق اور امین اُمیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں صرف انہی اُمیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دے گی جو صادق و امین کی شرط پر پورے اترتے ہوں۔ اس حوالے سے اُمیدواروں کو حلف نامہ بھی دینا پڑے گا، جس میں پارٹی قائد میاں نواز شریف اور صدر میاں شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرنا ہوگا۔

مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے حال ہی میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اُمیدواروں کے لیے جو حلف نامہ شئیر کیا گیا اس میں عبارت موجود ہے کہ ''میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں اور یہ کہ میں آئین کےآرٹیکل 62 میں بیان کی گئی شرائط پر پورا اترتا ہوں''۔

(جاری ہے)

پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں دینے والے اُمیدواروں سے یہ تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن سے قبل وہ کس سیاسی جماعت سے منسلک رہے۔ درخواست وصولی کا سلسلہ 15 مئی کو شروع کیا گیا تھا ، جو 25 مئی تک جاری رہے گا۔ قومی اسمبلی کی عام نشست کے لیے درخواست گزار کو 50 ہزار روپے، قومی اسمبکی کی مخصوص نشست کے لیے 1 لاکھ روپے، صوبائی اسمبلی کی عام نشست کے لیے 30 ہزار روپے، صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لیے فیس 75 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی اپنی پانچ سالہ آئینی مدت 31 مئی کو مکمل کرنے کے بعد تحلیل ہو جائے گی۔جس کے بعد نگران سیٹ اپ آئے گا اور عام انتخابات کروائے جائیں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نگران وزیر اعظم کے عہدے کے لیے تاحال کسی نام کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات