ہمارے دور کے عوامی منصوبوں کو کمیشن کیلئے روکنے والے شہبازشریف کا سیاسی انجام قریب ہے‘ چودھری پرویزالٰہی

جمعرات 24 مئی 2018 16:12

ہمارے دور کے عوامی منصوبوں کو کمیشن کیلئے روکنے والے شہبازشریف کا سیاسی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہمارے دور کے عوامی فلاحی منصوبوں کو کمیشن کیلئے روک کر اپنے نام کی جعلی افتتاحی تختیاں لگانے والے شہبازشریف کا سیاسی انجام قریب ہے۔ وہ ضلع قصور کے معروف وکلا اور سیاسی شخصیات کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے چودھری عارف سندھو ایڈووکیٹ اور شہادت علی بھٹی ایڈووکیٹ کی قیادت میں یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وفد میں چودھری افضل علی سندھو، امجد اقبال سندھو، انجم فاروق، محمد افضل شہزاد اور نبیل خان بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر کامل علی آغا، میاں عمران مسعود اور عارف گوندل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے وکلا اور دیگر شخصیات کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے، سب کو پتہ ہے کہ جن منصوبوں کا وہ افتتاح کر رہے ہیں وہ میری وزارت اعلیٰ کے دور میں شروع کیے گئے اور قریباً مکمل تھے لیکن شہبازشریف نے میری دشمنی اور اپنی انتقامی فطرت کے تحت آتے ہی ان منصوبوں کو چالو کرنے کی بجائے روک دیا، یہاں تک کہ 1122، پٹرولنگ پولیس اور دیگر عوامی خدمت، فلاح اور تحفظ کے ادارے بھی بند کرنے کی ناکام کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عام انتخابات کیلئے بھرپور تیاریاں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں لائحہ عمل بنا لیا گیا ہے۔ چودھری عارف سندھو نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے ترقیاتی اور عوامی فلاحی کاموں کو آج پھر یاد کیا جا رہا ہے، پنجاب میں ان کے دور میں جتنے کام ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی، عوام اب ن لیگ کے جھوٹے وعدوں پر اعتبار نہیں کرتے، اس کی قیادت کی عوام اور ملک دشمنی بے نقاب ہو چکی ہے، پنجاب میں دس سال کے دوران انہوں نے صحت، تعلیم، امن عامہ اور دیگر اہم شعبوں میں جھوٹے دعوئوں کے سوا کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا، بلکہ پورے ملک اور پنجاب کو اربوں ڈالر کے غیر ملکی قرضوں میں ڈبو دیا ہے۔