نیب سندھ کی بڑی کاروائی 10 ہزار ایکڑ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے آزاد ،

سندھ حکومت کو واپس

جمعرات 24 مئی 2018 14:52

نیب سندھ کی بڑی کاروائی 10 ہزار ایکڑ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے آزاد ،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو کراچی نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے جامشورو ضلع کی تحصیل تھانہ بولا خان میں واقع 10 ہزار ایکڑ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے آزاد کرواکر سندھ حکومت کو واپس دلودی۔ترجمان کے مطابق مذکورہ سرکاری زمین کے 731 ایکڑ ایراضی تھانہ بولا خان تحصیل کی دیھ بابر بند میں واقع ہے۔

اس ضمن مین نیب حکام نے 17 اپریل 2018 کو محکمہ ریونیو کے تین ملازمین کو گرفتار کیاجو ریونیو ریکارڈ میں جعلی اندارج میں ملوث تھے۔ انہوں نے قبضہ مافیا سے مل کر سرکاری املاک کو جعلی اندراج کے تحت غیر سرکاری قرار دیکر قبضہ مافیا کو فروخت کروایا جبکہ اس ضمن میں نیب حکام نے شواہد کے بنیاد پر تحقیقات کیں جس سے سپر ہائی وے اور اردگرد مذکورہ 10,000 ہزار ایکڑ سرکاری زمین جس کی مالیت کا اندازہ75 ارب ہے، جعلسازی کے ذریعے مختلف ہاوسنگ اسکیمز جو کے سپر ہائی وے پر واقع ہیں، کو الاٹ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

نیب نے یہ زمینیں دوبارہ سندھ حکومت کو واپس دلوادی ہے۔ دوسری جانب ریونیو حکام نے نیب کراچی کی اس بڑی اور انتہائی اہم کارروائی کے بعد مذکورہ سرکاری زمینوں پر خرید و فروخت سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، جبکہ 10 ہزار ایکڑ سرکاری زمین کو غیرسرکاری کرنے اور قومی املاک کو نقصان دینے میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات جاری ہیں حتمی تحقیقات کے بعد نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کیا جائے گا۔