سابق وزیراعظم نواز شریف کے ''مجھے کیوں نکالا'' نعرے پر اعتزاز احسن کی شاعری

اعتزاز احسن نے تمسخرانہ شاعری سنا کر نواز شریف کو طنز کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 24 مئی 2018 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد سے ہی نااہل وزیر اعظم نواز شریف نے ایک نعرہ لگایا اور اپنے پارٹی کارکنوں سے ایک جلسے میں سوال کیا کہ ''مجھے کیوں نکالا؟'' کیا آپ کو معلوم ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟ نواز شریف کے اس سوال کو اتنی مقبولیت حاصل ہوئی کہ سوشل میڈیا پر بھی ان کا یہ بیان وائرل ہو گیا جس کے بعد اس بیان پر کئی تمسخرانہ تبصرے بھی کیے گئے ۔

نواز شریف کے ''مجھے کیوں نکالا'' کے جواب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما اعتزاز احسن نے بھی ایک نظم کہہ ڈالی ۔ صحافیوں سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہاکہ گلے میں ہے ہر چند نا اہلی کی مالا، تجھے کب نکالا ، تجھے کب نکالا۔

(جاری ہے)

نکلتا تو ساری حکومت نکلتی، صدر تیرا ممنون ہے آج تک بھی۔ یہ وزرا بھی تیرے یہ پی ایم بھی تیرا، تیری پارٹی ن ہے آج تک بھی۔

تیرا نام تک ای سی ایل پر نہ ڈالا، تجھے کب نکالا ، تجھے کب نکالا۔ اعتزاز احسن کا نواز شریف کو دیا جانا والا یہ شاعرانہ جواب بھی سوشل میڈیا پر مقبول ہوا اور اعتزاز احسن کے پاس کھڑے صحافی بھی واہ واہ کرتے رہے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ سے نا اہل ہونے اور پارٹی صدارت کا عہدہ ہاتھ سے جانے کے بعد سے ہی نواز شریف نے عدلیہ مخالف بیانات دینا شروع کر دئے تھے ، انہوں نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی تھی کہ عدلیہ نے ان کے خلاف کسی انتقال کے تحت کارروائی کی ہے، اپنے بیانیے کو مزید فروغ دینے اور مقبول کرنے کے لیے نواز شریف نے بذریعہ جی ٹی روڈ اسلام آباد سے لاہور تک کا سفر بھی کیا جس میں ان کے ہمراہ پارٹی کے کارکنوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر یہ تک کہا کہ مجھے یہ فیصلہ قبول نہیں ہے ۔ ان کے عدلیہ مخالف بیانات پر کئی لوگ پارٹی سے علیحدہ ہو گئے۔