مریم نواز کٹہرے میں ہیں تو اسکے ذمہ دار خود نواز شریف ہیں جو انتقام کے وقت بھول گئے تھے بینظیر بھٹو بھی کسی کی بیٹی ہیں‘پیپلز پارٹی

محترمہ شہید کو ایک دن میں لاہور، کراچی اور پنڈی کی عدالتوں کے چکر کٹوائے، نواز شریف اب بھی وقت ہے محترمہ شہید کی قبر پر جاکر معافی مانگیں، قوم کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کریں‘سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا ردعمل

جمعرات 24 مئی 2018 14:40

مریم نواز کٹہرے میں ہیں تو اسکے ذمہ دار خود نواز شریف ہیں جو انتقام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ مریم نواز آج اگر کٹہرے میں ہیں تو اس کے ذمہ دار خود نواز شریف ہیں وہ انتقام کے وقت بھول گئے تھے کہ بینظیر بھٹو بھی کسی کی بیٹی ہیں، نواز شریف اب بھی وقت ہے محترمہ شہید کی قبر پر جاکر معافی مانگیں، قوم کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کریں۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جو بویا ابھی تو وہ کاٹا بھی نہیں، جو کچھ ہو رہا ہے وہ نواز شریف کا اپنا کیا دھرا ہے، مریم نواز آج اگر کٹہرے میں ہیں تو اس کے ذمہ دار خود نواز شریف ہیں ، میاں صاحب انتقام کے وقت بھول گئے تھے کہ بینظیر بھٹو بھی کسی کی بیٹی ہیں، آپ کو مادر جمہوریت نصرت بھٹو پر مقدمے بناتے ہوئے مشرقی روایات کا خیال کیوں نہ آیا، محترمہ شہید کو ایک دن میں لاہور، کراچی اور پنڈی کی عدالتوں کے چکر آپ نے کٹوائے، آصف زرداری صاحب کو جیلوں میں تشدد کیا، زبان اور گردن کاٹی، بینظیر شہید بچے گود میں لئے جیل کے باہر کڑی دھوپ میں کھڑی ہوتی تھیں تو آپ اس پر خوش ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج آپ کی اپنی حکومت ہے مریم بی بی پر مقدمے کسی سیاسی مخالف نے نہیں بنائے،میاں صاحب آپ نے خود اپنے بچوں کو اپنی کرپشن چھپانے کیلئے پھسایا ہے، آپ کا اپنا کیا آپ کے آگے آیا ہے یہ قدرت کا انتقام ہے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف اب بھی وقت ہے محترمہ شہید کی قبر پر جاکر معافی مانگیں، آصف زرداری سے بھی معافی مانگیں جو آپ کی وجہ سے گیارہ سال جیلوں میں رہے اور قوم کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم بیٹیوں کا احترام کرنے والے ہیں، لیکن یہ سب میاں صاحب ما اپنا کیا دھرا ہے۔