Live Updates

چار حلقے کھولنے کا ہمارا مطالبہ مانا جاتا تو دھرنے کی نوبت نہ آتی،

ای سی ایل سے نام نکالے بغیر پرویز مشرف باہر نہیں جاسکتے تھے تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

جمعرات 24 مئی 2018 14:21

چار حلقے کھولنے کا ہمارا مطالبہ مانا جاتا تو دھرنے کی نوبت نہ آتی،
اسلام آباد۔ 24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چار حلقے کھولنے کا ہمارا مطالبہ مانا جاتا تو دھرنے کی نوبت نہ آتی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ ای سی ایل سے نام نکالے بغیر پرویز مشرف باہر نہیں جاسکتے تھے‘ یہ وزارت داخلہ کا اقدام تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے ایک ایجنسی کے سربراہ کا ذکر کیا ہے، اگر کسی ایجنسی کے سربراہ نے یہ مطالبہ کیا تھا تو وہ آرمی چیف کو اعتماد میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک دھرنے کی بات ہے تو ہم نے چار حلقوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ وزیرداخلہ نے چار کی بجائے 40 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اگر ہماری درخواست مانی جاتی تو ہم دھرنا نہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اسلام آباد کی طرف آرہے تھے تو ہم نے طاہر القادری سے ملاقات میں واضح طور پر کہا تھا کہ ہم اپنا پرامن احتجاج کریں گے اور ماورائے آئین اقدام سے گریز کریں گے۔ دھرنوں کے دوران میں اس پارلیمان میں بھی آیا تھا اور یہاں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ یہ اسمبلی ہمارا سیاسی کعبہ ہے اور اس پر حملہ نہیں کر سکتے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات