اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی فلسطینی نوجوان دم توڑ گیا ،فلسطینی وزارت صحت کا اعلان

15 سالہ عدی اکرم ابو خلیل آٹھ روز قبل سفارت خانے کی القدس منتقلی کے خلاف احتجاجی ریلی میں زخمی ہواتھا،بیان

جمعرات 24 مئی 2018 13:49

رام اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایک ہفتہ قبل اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک پندرہ سالہ لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو ایک بیان میں فلسطینی وزارت صحت نے کہاکہ 15 سالہ عدی اکرم ابو خلیل فلسطینی 8 روز قبل غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی قصبے البیرہ میں امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے خلاف احتجاجی ریلی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا۔

اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک گولی عدی ابو خلیل کے پیٹ میں لگی اور اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور حال ہی میں امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے بعد غرب اردن اور فلسطین کے دوسرے علاقوں میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔