Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فوزیہ قصوری نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر لی

فوزیہ قصوری نے گزشتہ روز پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھجوایا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 24 مئی 2018 12:37

پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فوزیہ قصوری نے پی ایس پی میں شمولیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فوزیہ قصوری نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوزیہ قصوری نے مصطفیٰ کمال اور انیس قائمخانی کی پارٹی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ میں نے کچھ دیر قبل پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھجوادیا ہے ۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں فوزیہ قصوری نے پارٹی چئیرمین عمران خان کو بھیجے گئے استعفے کی تصویر بھی شئیر کی۔
اپنے استعفے میں فوزیہ قصوری نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا یہ استعفیٰ آپ کے لیے کوئی حیران کُن بات نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

سیاسی کیرئیر بنانے اور مجھے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے پر میں آپ کی بے حد مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء کے بعد سے پارٹی اپنے منشور سے ہٹ گئی جس کی وجہ سے پارٹی کے کارکن اور پارٹی سے توقعات رکھنے والی عوام کو مایوسی ہوئی، کیونکہ وہ پارٹی اور ملک میں ایک تبدیلی دیکھنا چاہتے تھے جو انہیں نظر نہیں آئی۔ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ آپ نے پارٹی میں ان انتخابی اُمیدواروں کو شامل کیا جن کے خلاف ہم ازل سے لڑتے آئے ہیں،کئی پارٹی کارکنوں نے اس پارٹی کی جدو جہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا، لیکن افسوس انتخابی اُمیدواروں کی پارٹی میں شمولیت پر حد ہو گئی، مزید یہ کہ چونکہ میں اب پارٹی کے معاملات اور فیصلوں کا مزید دفاع نہیں کر سکتی لہٰذا میرا استعفیٰ قبول کریں، آخر میں انہوں نے لکھا کہ میں آپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں ، اور اُمید کرتی ہوں کہ اگر آپ کو حکومت بنانے کا موقع ملے تو آپ وہی تبدیلی لے کر آئیں جس کا آپ نے کبھی وعدہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی میں حال ہی میں دوسری سیاسی جماعتوں سے کئی انتخابی اُمیدوار شامل ہوئے جس کی وجہ سے پارٹی کے اندر اختلافات کو مزید ہوا ملی، انہی اختلافات کے پیش نظر پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے دو روز قبل ایک کمیٹی تشکیل دی ، یہ کمیٹی پارٹی میں شمولیت کے خواہشمند افراد کی اسکیننگ کرے گی اور حلقے میں مضبوط پوزیشن ہونے پر ہی ان اُمیدواروں کو پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔ لہٰذا اب پی ٹی آئی میں شمولیت کے خواہشمند افراد کی براہ راست ملاقات پارٹی چئیرمین عمران خان سے نہیں ہو گی بلکہ ان کو پارٹی کی اسکیننگ کے بعد کلئیرنس حاصل کرنے پر ہی پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات