الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے پولنگ سکیم کا ڈرافٹ جاری کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 مئی 2018 12:30

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے پولنگ سکیم کا ڈرافٹ جاری کردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 مئی۔2018ء) عام انتخابات کیلئے پولنگ سکیم کا ڈرافٹ جاری کردیا گیا ہے، پولنگ سکیم میں ووٹرز کی تعداد اور پولنگ سٹیشن کی تفیصلات شامل ہیں، اس کے علاوہ شماریاتی بلاک کوڈ کی تفصیلات بھی فراہم کر دی گئی ہیں- اسلام آباد، فاٹا اور چاروں صوبوں میں 85252 پولنگ اسٹیشنز جبکہ دو لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے- اسلام آباد اور پنجاب میں 48 ہزار 610 پولنگ اسٹیشنز اور 1 لاکھ 31 ہزار 26 پولنگ بوتھ ہونگے، اس کے علاہ سندھ میں 17 ہزار 627پولنگ اسٹیشن بلوچستان میں 4 ہزار 493پولنگ اسٹیشن اور 11 ہزار سے زائد پو لنگ بوتھ ہونگے، فاٹا اور کے پی کے میں 14 ہزار 522پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

ادھر الیکشن کمیشن نے ووٹرزکی حتمی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق مرد ووٹرزکی تعداد 5 کروڑ92لاکھ اورخواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ67 لاکھ تک پہنچ گئی ہے-پنجاب کے6 کروڑ6 لاکھ اورسندھ کے دوکروڑ 23 لاکھ ووٹرزہیں،اسی طرح خیبر پختونخوا کے ایک کروڑ53 لاکھ،بلوچستان کے 42 لاکھ 99 ہزارووٹرزہیں،فاٹا کے 25 لاکھ جبکہ اسلام آباد کے 7 لاکھ 65 ہزار ووٹرزہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے اضافی بیلٹ پیپرز بھی نہ چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے-دوسری جانب عام انتخابات 2018 کےلئے نامزدگی فارمز کی چھپائی بھی مکمل کر لی گئی۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی سے امیدواروں سے متعلق اہم معلومات کے کالم نکال دئیے گئے۔امیداور کاغذات نامزدگی میں اقامہ،پیشہ اور تعلیم بھی بتانے کے پابند نہیں رہے-الیکشن کمیشن کی آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں جاری، الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی چھپائی مکمل کر لی۔نامزدگی فارمز چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں پہنچا دیئے گئے۔

پہلی مرتبہ نامزدگی فارم الیکشن کمیشن کی بجائے ارکان پارلیمنٹ نے خود تیار کرایا۔نامزدگی فارم سے قرضوں،مقدمات،دہری شہریت ، تین سالہ ٹیکس کی معلومات تعلیم،پیشہ اور ڈیفالٹر کے کالم نکال دئیے گئے۔ نامزدگی فارم میں امیدوار کے بیرون ملک دوروں کی تفصیل اور اقامہ بھی ظاہر نہیں کرینگے.نامزدگی فارم میں امیدوار صرف آرٹیکل 62،63 پر پورا اترنے کا ڈیکلریشن دے گا۔جبکہ امیدوار ختم نبوت پر ایمان رکھنے کا حلف نامہ نامزدگی فارم میں دے گا۔