بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی اور ہرزہ سرائی پر بضد

پاکستان صرف گولی کی زبان سمجھتا ہے ، بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 24 مئی 2018 11:51

بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی اور ہرزہ سرائی پر بضد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2018ء) : بھارت ازل سے ہی پاکستان کے خلاف اپنی ہٹ دھرمی دکھانے اور پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا اور بھارت میں ہونے والے ہرواقعہ کا الزام بغیر کسی تحقیق یا تفتیش کے پاکستان پر عائد کر دیتاہے۔ تاہم اب بھارتی وزیر داخلہ نے بھی بھارتی ہٹ دھرمی کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کر دی۔

اپنے ایک بیان میں بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان صرف گولی کی زبان سمجھتا ہے ، انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو مکمل اختیارات دے دئے گئے ہیں کہ وہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں، نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتی سکیورٹی فورسز کو لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے فائرنگ کا سختی سے جواب دینے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیاکہ پاکستان نے بھارت کے خلاف در پردہ جنگ شروع کر رکھی ہے اور لائن آف کنٹرول پر آئے روز بی ایس ایف کی چوکیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، بی ایس ایف کو واضح ہدایت کر دی ہے کہ پہلے گولی نہ چلائیں تاہم اگر پاکستان کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری کی جائے تو اس کا سختی کے ساتھ جواب دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام ہمسایہ ممالک بالخصوص پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے خواہاں ہیں تاہم بھارت کی اس خواہش کو کمزوری سے تعبیر نہ کیا جائے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت گزشتہ کئی ماہ سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور کم سن بچوں سمیت کئی شہری شہید ہو چکے ہیں۔ ایسےمیں بھارتی وزیر داخلہ کا ایل او سی پر ہونے والی فائرنگ کا تمام تر الزام پاکستان پر عائد کرنا مضحکہ خیز ہے۔