Live Updates

مقبوضہ کشمیر، مختار وازہ اورسالویشن موومنٹ کے وفد نے زخمیوں کی عیادت کی

جمعرات 24 مئی 2018 11:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماء اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ گرینڈ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کیلئے بیج بہاڑہ کے ہسپتال گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے اس موقع پر زخمی افرا د کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی۔

انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام رکوانے کیلے کردار ادا کریں۔بیج بہاڑہ کے علاقے گوری ون میں بدھ کے روز ایک گرینڈ دھماکے میں تین خواتین سمیت کم از کم دس افراد زخمی ہو گئے تھے۔ جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کی ہدایت پر غازی جاوید بابا، ارشاد احمد، مختار احمد ، سجاد احمد، مولوی مشتاق ، حاذق احمد ، ایوب احمد پر مشتمل پارٹی کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی افراد کی عیادت کیلئے سرینگر کے صدر ہسپتال گیا۔

(جاری ہے)

وفد نے اس موقع پر بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں جنگ بندی کا بھارتی اعلان محض ایک ڈرامہ ہے۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیان کے علاقے درد کالی پورہ میں افطار کے وقت شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ اور چار لڑکوں کو زخمی کر دیا تھا۔ سالویشن مومنٹ ترجمان نے ایک بیان میں پارٹی چیئرمین اکبر بٹ کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ادھر ڈورو شاہ میں بھارتی پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے نوجوانوںماجد احمد شیخ ،اعجاز احمد ملک ،شبیر احمد راتھر ، ظہور احمد ایتو ولد کے اہلخانہ نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کے مطابق بھارتی پولیس نے ان نوجوانوں کو ایک ہفتہ قبل بلا وجہ گرفتار کیاتھا۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات