کٹھ پتلی انتظامیہ نے آسیہ اندرابی کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی

جمعرات 24 مئی 2018 11:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے ان کی ضمانت پر رہائی کے عدالتی حکم کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی کو جموں کے علاقے کٹھوعہ میں آٹھ سالہ ننھی آصفہ بانو کی بے حرمتی اور قتل کے خلاف ضلع اسلام آبادمیں طلباء کا احتجاجی مظاہرہ منعقد کرنے کے جرم پر رواں سال بیس اپریل کوگرفتار کیاگیا تھا ۔

ان کے ہمراہ ان کی خواتین ساتھیوں فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین اور صائمہ رسول کوبھی گرفتار کیاگیا تھا۔ ایس ایس پی پولیس اسلام آباد الطا ف خان نے کہاہے کہ انہیں طلباء کے احتجاجی مظاہرے پر گرفتار کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

22 اپریل کو دختران ملت کی سربراہ کو ان کی ساتھیوں سمیت عدالت نے آٹھ روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیاتھااور انہوںنے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اسلام آباد کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے گزشتہ ہفتے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیاتھا تاہم انہیں رہاکرنے کی بجائے کٹھ پتلی انتظامیہ نے عدالتی فیصلے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ مقدمے میں انتظامیہ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل بشیراے ڈار نے کہاہے کہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوںکے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کے ایکٹ کی دفعہ38اور39کے تحت مقدمہ قائم کیاگیا ہے لہذا دفعہ 43Dکے تحت انہیں ضمانت پر رہا نہیں کیاجاسکتا۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کی اپیل کی سماعت جمعہ کو دوبارہ ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :