Live Updates

مسلم لیگ ن کے جلسے میں راحیل شریف کے حق میں ملی نغمہ

معروف صحافی کاشف عباسی نے اندر کی کہانی بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 24 مئی 2018 11:03

مسلم لیگ ن کے جلسے میں راحیل شریف کے حق میں ملی نغمہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی کاشف عباسی نے کہا کہ دھرنے کے بعد مسلم لیگ کی جانب سے جو انتخابی مہم چلائی گئی تھی اور بالخصوص این اے 122 کے ضمنی انتخاب کے لیے جو مہم چلائی گئی اس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ایک ملی نغمہ چلایا گیا جس میں نواز شریف کے ساتھ ساتھ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کا نام بھی لیا گیا۔

کاشف عباسی نے پروگرام میں شریک مسلم لیگ ضیاء کے رہنما اعجاز الحق سے دریافت کیا کہ یہ کیا ماجرا ہے؟ یا تو مسلم لیگ ن کی قیادت کو اس بات کا علم نہیں تھا اور کسی نے خود ہی یہ نغمہ چلا دیا یا پھر ماجرا کوئی اور ہے۔ جس پر اعجاز الحق نے کہا کہ یہ ان دنوں کی بات ہے جب ملک میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا تھا اور آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے عوام کے اندر کنفیوژن چل رہی تھی کہ آخر یہ شروع کس نے کیا ہے۔

(جاری ہے)

تو یہ اس وقت کا گانا ہے ،جس میں نواز شریف اور جنرل (ر) راحیل شریف کا نام ایک ساتھ لیا گیا تھا۔ یہ نغمہ اسی لیے بنایا گیا تھا تاکہ یہ تاثر دیا جائے کہ آپریشن ضرب عضب شروع کرنے میں ان کا اپنا بھی ہاتھ تھا۔ اب انہوں نے کریڈٹ دینا بھی تھا اور کریڈٹ لینا بھی تھا اسی لیے یہ گانا بنایا گیا۔ ویسے بھی پاکستان کی کئی سیاسی جماعتوں کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ یہ تاثر دیں کہ ان کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی میل جول ہے ۔

یہ نغمہ بھی غالباً یہی تاثر دینے کے لیے تیار کیا گیا تھا جسے مسلم لیگ ن کے جلسوں میں چلایا گیا۔ خیال رہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 122 سے مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق کامیاب ہوئے تھے لیکن پی ٹی آئی نے الیکشن ٹربیونل میں انتخاب کو چیلنج کیا جس پر الیکشن ٹربیونل نے این اے 122 کے انتخاب کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا، این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں بھی مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق کو ہی کامیابی حاصل ہوئی تھی اور پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ این اے 122 کی انتخابی مہم میں نواز شریف اور راحیل شریف کے نام پر جو ملی نغمہ چلایا گیا ، آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات