غریب بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے دی سٹیزن فائونڈیشن اور کریم کے درمیان شراکتداری کا معاہدہ

جمعرات 24 مئی 2018 10:40

غریب بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے دی سٹیزن فائونڈیشن اور کریم کے درمیان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ملک میں 22 ملین بچے سکول نہیں جاتے جس کی وجہ سے شرح تعلیم میں کمی اور غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔ غیر منافع بخش تنظیم دی سٹیزن فائونڈیشن (ٹی سی ایف) بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے لئے جامع اقدامات کررہی ہے۔ ملک میں سفری سہولیات فراہم کرنے والی نجی کمپنی کریم نے ٹی سی ایف سے شراکتداری کا معاہدہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

جس کے تحت کریم اپنی ہر سواری سے 20 روپے کا عطیہ وصول کرے گی اور مسافروں سے مجموعی طور پر جمع ہونے والے فنڈز کے مساوی رقم کمپنی کی جانب سے بھی دی جائے گی۔ یہ رقم ٹی سی ایف کو فراہم کی جائے گی جس سے ملک کے شہری اور دور دراز دیہی علاقوں کے غریب بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا۔ ٹی سی ایف کے سی ای او اور صدر سید اسد ایوب احمد نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم نے ملک کے مختلف علاقوں میں 1500 سکول قائم کئے ہیں جہاں پر 2 لاکھ سے زیادہ غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریم کی شراکتداری سے ملک میں تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی جس سے غربت کے خاتمہ اور شرح تعلیم کے اضافہ میں معاونت حاصل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :