Live Updates

سیاسی محاذ پر پاکستان تحریک انصاف کو بہت بڑی کامیابی مل گئی

پاکستان تحریک انصاف کے نواب صلاح الدین عباسی کے ساتھ معاملات طے پا گئے،بہاولپور نیشل پارٹی کا تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 23 مئی 2018 23:58

سیاسی محاذ پر پاکستان تحریک انصاف کو بہت بڑی کامیابی مل گئی
بہاولپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 23مئی 2018ء ) :سیاسی محاذ پر پاکستان تحریک انصاف کو بہت بڑی کامیابی مل گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے نواب صلاح الدین عباسی کے ساتھ معاملات طے پا گئے،بہاولپور نیشل پارٹی نے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے اندر اندر تحریک انصاف نے جس طرح سے پاکستانی سیاست میں قدم جمائے ہیں اور اپنی سیاسی ساکھ کو مضبوط کیا ہے اس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔

پانامہ لیکس کیس سے شروع ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی فتوحات کا شروع ہونے والا سفر کہیں بھی تھمتا ہوا دکھائی نہیں دیتا۔اس دوران جس طرح عمران خان کے سیاسی لہجے اور طرز عمل میں پختگی آئی ہے وہ بھی قابل ذکر ہے۔ایک جانب تحریک انصاف کی مضبوط ہوتی ہوئی سیاسی پوزیشن تو دوسری جانب اسکی حریف جماعتوں کی گرتی ہوئی ساکھ نے تحریک انصاف کو پاکستانی سیاست کی چوٹی کی جماعت بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ایک سال میں پاکستان تحریک انصاف میں دیگر جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے ناموں نے شمولیت اختیار کی ہے جن میں رضا حیات، ندیم افضل چن،فردوس عاشق اعوان اور بڑے بڑے انتخابات جیتنے والے نام شامل ہیں۔جنوبی پنجاب کے نام پر مسلم لیگ ن نے سے بغاوت کرکے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے والوں نے بھی بعد ازاں عمران خان کے ساتھ مل جانے کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 100سے زائد الیکٹیبلز اس وقت دیگر پارٹیوں کو خیر باد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر کی سیاسی وفاداریاں مسلم لیگ کے ساتھ ہیں ۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے بہاولپور نیشنل پارٹی کے سربراہ نواب صلاح الدین عباسی سے معاملات طے پا گئے جس کے بعد بہاولپور نیشنل پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نواب صلاح الدین عباسی کل عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد بہاولپور نیشنل پارٹی کے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کا اعلان کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی نیشنل پارٹی کے انضمام کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات