صاحبزادہ طارق اللہ کی کوشش سے مالاکنڈ ڈویژن سمیت پاٹا اور فاٹا کو پانچ سال کیلئے ٹیکس مستثنیٰ علاقہ قرار دیدیا گیا

بدھ 23 مئی 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ کی کوشش سے مالاکنڈ ڈویژن سمیت پاٹا اور فاٹا کو پانچ سال کیلئے ٹیکس مستثنیٰ علاقہ قرار دیدیا گیا۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے وزیراعظم سے فاٹا اور پاٹا کو مزید 10 سال تک ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی اپیل کی تھی کہ آئین کے آرٹیکل 247 کے تحت فاٹا اور مالاکنڈ ڈویژن کے دہشت گردی، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کو ٹیکس فری زون قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس میں مزید 10 سال کی توسیع کر دی جائے جس پر وزیراعظم نے اپنے خصوصی اختیارات کے تحت اس علاقے کو مزید پانچ سال کے لئے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیدیا۔ صاحبزداہ طارق اللہ نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اور مالاکنڈ ڈویژن کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔جماعت اسلامی نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی اور فاٹا سے ایف سی آر کے کالے قانون کے خاتمہ اور قبائلی عوام کو ملک کے دیگر علاقوں کے عوام کے برابر حقو ق دلانے کیلئے جو تحریک شروع کی تھی وہ کامیاب ہوئی۔