نواز شریف کا کیس سننے والے نیب جج سے متعلق دلچسپ معلومات

اربوں روپے کی جائیداد کے مالک سابق وزیراعظم کا کیس سننے والے جج محمد بشیر کے گھر میں فرنیچر نہیں ہے، جبکہ ان کے بچوں نے سرکاری تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی

muhammad ali محمد علی بدھ 23 مئی 2018 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2018ء) نواز شریف کا کیس سننے والے نیب جج سے متعلق دلچسپ معلومات سامنے آئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اخبار سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی انعام اللہ خٹک کی جانب سے نواز شریف کا کیس سننے والے نیب جج محمد بشیر سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے گئے ہیں۔ انعام اللہ خٹک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اربوں روپے کی جائیداد کے مالک سابق وزیراعظم کا کیس سننے والے جج محمد بشیر کے گھر میں فرنیچر نہیں ہے۔

جبکہ جج محمد بشیر کے بچوں نے سرکاری تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی۔ نیب کے جج محمد بشیر کے بچوں نے سرکاری تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی اور ڈاکٹرز اور انجینئرز بنے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو گزشتہ برس جولائی کے ماہ میں پاکستان کی اعلی ترین عدالت کی جانب سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف پر غیر قانونی طور پر بیرون ملک جائیدادیں بنانے اور دبئی کا اقامہ غیر قانونی طور پر رکھ کر اسے چھپانے کا الزام تھا۔

اس الزام کے ثابت ہونے پر انہیں نااہل قرار دیا گیا۔ جبکہ بیرون ملک غیر قانونی جائیدادوں کے الزام کی مزید تحقیق کیلئے نیب ریفرنسز دائر کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف دائر نیب کیسز اب تیزی سے اپنے منطقی انجام کی جانب گامزن ہیں۔ امکان  ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نیب کیسز کے فیصلے اگلے کچھ ہفتے میں آ جائیں گے۔