رمضان کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ تقویٰ کے حصول کا ذریعہ ہے، محمد یوسف

بدھ 23 مئی 2018 23:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ رمضان کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ تقویٰ کے حصول کا ذریعہ ہے۔ ماہ صیام میں عبادت کرنے کا دگنا اجر ملتا ہے، روزے رکھنے کا مقصد گناہوں سے توبہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ گلشن معمار میں پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امیر زون گلشن معمار رضوان شاہ اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی گلشن معمار ابو الضیاء بھی موجود تھے۔ محمد یوسف نے کہا کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کا ہوتا ہے جس میں انسان خالق کائنات کی نعمتیں سمیٹنے کی کوشش میں لگا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسرا عشرہ مغفرت کا ہوتا ہے جس میں ہر انسان فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے اور اپنے گناہ معاف کرواتا ہے، اس طرح تیسرے عشرے میں مومن دوزخ کی آگ، برے کاموں سے بچنے کے لئے توبہ کرتا ہے، دین اسلام امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے، روزہ انسان کو بندگی سکھاتا ہے، امیر زون گلشن معمار رضوان شاہ نے تھانہ میں موجود ایس ایچ او اور دیگر عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیس کے جوان ہر موسم میں تنگ دہی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہوتے ہیں اور اس علاقے میں امن و امان پولیس کے جوانوں کی مرہون منت ہے۔

#