سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو نکال دیا

سعودی عرب نے 100پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا،پاکستانیوں پر غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں مقیم ہونے کا الزام تھا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 23 مئی 2018 22:11

سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو نکال دیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 23مئی 2018ء ) :سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو نکال دیا۔ سعودی عرب نے 100پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا،پاکستانیوں پر غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں مقیم ہونے کا الزام تھا۔اس وقت سعودی عرب میں 1کروڑ 8لاکھ50ہزار 192غیرملکی کام کر رہے ہیں جبکہ نوکریوں پر موجود سعودی باشندوں کی تعدادصرف 30لاکھ 38ہزار 945ہے۔

کچھ عرصہ قبل العربیہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق غیرملکی محنت کشوں میں 30لاکھ بھارتی، 25لاکھ پاکستانی ، 22لاکھ مصری، 14لاکھ یمنی اور12لاکھ بنگالی شامل ہیں۔ تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باعث معاشی بحران کا شکار ہونے کے بعد سے اب تک سعودی عرب سے لاکھوں پاکستانی واپس آ چکے ہیں۔تاہم ابھی بھی پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب میں مقیم ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں بھارتیوں کے بعد پاکستانی ورکرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔موجودہ حالات میں پاکستانیوں کو سعودی عرب میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سعودی عرب سے 100پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا ،امیگریشن حکام نے ضروری پوچھ گچھ کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی ۔

سعودی حکام کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم 100پاکستانیوں کو قید کی سزا مکمل ہونے پر سعودی ائیر لائن کی پرواز 734کے ذریعے واپس بھجوا دیا گیا ۔ائیر پورٹ پر امیگریشن حکام نے بیدخل ہونے والے مسافروں سے ضروری پوچھ گچھ کی اور اس کے بعد انکو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔اس موقع پر بے دخل ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ ان کو لینے کے لیے ائیر پورٹ پر موجود تھے جو اپنے پیاروں کو اپنے سامنے دیکھ کر بے حد خوش تھے۔