حفاظتی اقدامات نہ کر نے پر پانچ ہوٹلز سمیت 14کاروباری مراکز کے چالان ،ہزاروں روپے جرمانہ عائد

بدھ 23 مئی 2018 23:53

ڈی جی خان۔ 23مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) سول ڈیفنس ڈیر ہ غازیخان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر پانچ ہوٹلز سمیت 14کاروباری مراکز کے چالان کر دیئے ․ دو پٹرول پمپ سیل کرنے کے ساتھ عدالت کی طرف سے مالکان کو 50ہزا رروپے جرمانہ عائد کیاگیا ․ سول ڈیفنس آفیسر ڈیرہ غازیخان خالد کریم قریشی نے بتایا کہ انہوںنے ٹیم کے ہمراہ مختلف ہوٹلز ، بیکرز ، پٹرول پمپ ، گارمنٹس سمیت 28کاروباری مراکز چیک کیے ․ آتشزدگی روکنے اور دیگر غیر معمولی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر پانچ ہوٹلز المائدہ ہوٹل ریلوے روڈ ، نظام الدین ہوٹل گیدڑ والا بائی پاس چوک ، منور ہوٹل گارڈن ٹاون ، لاثانی چرغہ ہسپتال چوک اور سادات ہوٹل ریلوے پلی کے چالان مرتب کر کے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیے ․ اسی طرح چار بیکرز بلوچ بیکری گھنٹہ گھر ، حجازی سویٹ بیکرز گولائی کمیٹی بلاک دس ، محمد ساجد علی سویٹ بلاک سی ، سعید ملتانی ریواڑ ی سویٹ گھنٹہ گھر ، دو پٹرول پمپ جروار پٹرولیم سروس تونسہ روڈ ،کالٹیکس پٹرولیم سروس تونسہ روڈ اور تین گارمنٹس ڈی ڈائنز گارمنٹس بالمقابل سول لائنز پولیس سٹیشن کے چالان بھی سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیے گئے ․ انہوںنے بتایاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر گرمی کی شدت بڑھنے اور شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے واقعات کا خدشہ ہوتا ہے اسی طرح دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی انخلاء ، آگ بجھانے کے آلات کی تنصیب ، فائر الارم اور دیگر حفاظتی اقدامات ضروری ہیں ․ ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید کی ہدایت پر ضلع بھر کے کاروباری مراکز میں اچانک معائنہ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا کر قیمتی انسانی جان و املاک و محفوظ بنایاجاسکے ․۔