پانچ سالہ دور حکومت میں پاکستان کو تعلیمی لحاظ سے ترقی کی راہ پر گامزن کردیاہے ، بلیغ الرحمن

بدھ 23 مئی 2018 23:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارآنہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ پانچ سالہ دور حکومت میں پاکستان کو تعلیمی لحاظ سے ترقی کی راہ پر گامزن کردیاہے ، سکول سے باہر بچوں کو سکول میں لانے ،بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ، نصاب تعلیم کی تیاری، چاروں صوبوںکے مابین تعاون کو فروغ ،اعلیٰ تعلیم میں جدت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ فیڈرل بورڈ کوجدید خطوط پر استوار کیاہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر تعلیم بلیغ الرحمان نے فیڈرل بورڈ کی ویب سائٹ کو ری لانچ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار،چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک،سیکرٹری فیڈرل بورڈ ،وزارت تعلیم کے افسران ، تعلیمی اداروں کے پرنسپلز، نجی تعلیمی ادا روں کے نمائندے ملک ابرار حسین، اساتذہ اور بچوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی،تقریب میں فیڈرل بورڈ کے تحت کھیل مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے سربراہان اور کھلاڑی طلبائ و طالبات کو ٹرافیاں بھی دی گئیں۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں بلیغ الرحمن نے کہاکہ جمہوری حکومت میں ہمیں تعلیم کے لیے کام کرنے کا موقع ملااس دوران تمام صوبائی حکومتوں نے تعلیم کی بہتری کے لیے کام کیا،ہمارے اقدامات کی وجہ سے اسکولوں سے باہر طلبا کی تعداد میں کمی ہوئی،ایک وقت تھا جب اسکولوں میں سہولیات موجود نہیں تھیں،آج الحمدللہ اسکولوں میں تمام سہولیات موجود ہیں،اسکولوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔اس سے قبل فیڈرل بورڈکے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے فیڈرل بورڈ کی کارکردگی اور کھیل مقابلہ جات میں کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔