ْنظریاتی ووٹرز کے لئے متحدہ مجلس عمل امید کی کرن بن چکی ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

بدھ 23 مئی 2018 23:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ نظریاتی ووٹرز کے لئے متحدہ مجلس عمل امید کی کرن بن چکی ہے۔ دینی ووٹ تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ ایم ایم اے کے امیدوار ایمان اور قرآن کی قوت سے بڑے بڑے برج الٹا دیں گے۔ ایم ایم اے کا عوام دوست اسلامی منشور گھر گھر پہنچائیں گے۔

دینی طبقات انتخابی معرکہ سر کرنے کے لئے صف بندی کر لے۔ قوم روایتی سیاستدانوں کے جھوٹے وعدوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔ ہماری سیاست کا مرکز و محور نظام مصطفے ہے۔ اسلام پرستوں کا دور آنے والا ہے۔ ہم پارلیمنٹ میں بھی درود و سلام کی صدائیں بلند کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جییو پی کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ او آئی سی کے فلسطین سے متعلق فیصلوں پر عمل یقینی بنایا جائے۔ عالمی برادری مظلوم فلسطینیوں کی چیخیں سنے۔ امریکہ میں سبیکا شیخ کی المناک موت نے پوری قوم کو رُلا دیا ہے۔ مسلمانوں کو دہشت گرد کہنے والا امریکہ غیر ملکیوں کے لئے غیر محفوظ ہو چکا ہے۔ تاجر نیکیاں کمانے کے مہینے کو پیسہ کمانے کا مہینہ نہ بنائیں۔ حکومت ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی کرے۔ رمضان میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔