ایٹمی دھماکے کرنے کا مشورہ سب سے پہلے کس نے دیا تھا،نواز شریف نے خاموشی توڑ دی

پاکستان کے ایٹمی دھماکے کرنے کا سب سے پہلا مشورہ سابق وزیر اطلاعات سینیٹر مشاہد حسین سید نے دیا تھا،نوا ز شریف

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 23 مئی 2018 21:42

ایٹمی دھماکے کرنے کا مشورہ سب سے پہلے کس نے دیا تھا،نواز شریف نے خاموشی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 23مئی 2018ء ) :ایٹمی دھماکے کرنے کا مشورہ سب سے پہلے کس نے دیا تھا،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے خاموشی توڑ دی۔سابق وزیر اعظم میاں محمد نوا ز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکے کرنے کا سب سے پہلا مشورہ سابق وزیر اطلاعات سینیٹر مشاہد حسین سید نے دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق انتخابات کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا ہے سیاسی رہنما عوام کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ایک جانب تو انتخابات جیتنے کے بعد ووٹرز کی قسمت بدل دینے کی باتیں کر رہے ہیں تو دوسری جانب اپنے پرانے کارناموں کو بیان کر کر کے اپنے حامیوں سے داد سمیٹنا چاہ رہے ہیں ۔

اس موقع پر ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان نے جہاں ان پر غداری کا ٹیگ لگایا تو سابق وزیر اعظم اسکو دور کرنے اور اپنی حب الوطنی کا ثبوت دینے کے لیے بارہا اپنے ایٹم بم بنانے اور ایٹمی دھماکے کرنے کے قصے دہرا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے ایٹم بم کا کریڈٹ لینے والے نواز شریف کا پول کھول دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے کرنے میں نواز شریف نے کوئی کردار ادا نہیں کیا بلکہ اس میں سارا کردار میرا ،راجہ ظفر الحق اور ایوب گوہر کا تھا تا ہم تازہ ترین خبر کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے برسوں پرانے راز سے پردہ اٹھا دیا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے خاموشی توڑ دی۔پنجاب ہاوس میں خطاب کرتے ہوئےانکا کہنا تھا کہ جب بھارت نے 11مئی 1998کو ایٹمی دھماکے کئے تو میں اس وقت قازقستان کے دارالحکومت الماتی میں موجود تھا اور جب صبح یہ اطلاع ملی تو مشاہد حسین سید جو اس وقت کے وزیر اطلاعات تھے میرے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے سب سے پہلے مجھے یہ مشورہ دیا کہ ہمیں بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دینے میں دیر نہیں کرنی چاہیے اور اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ میں آج مشاہد حسین سید کو شاباش دینا چاہتاہوں کہ انہوں نے مجھے اچھا مشورہ دیا تھا۔