موجودہ حکومت نے مجموعی قومی پیداوار میں اضافے اور ملکی ترقی کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے

وزیر اعظم کا پشاور ائیر پورٹ توسیعی منصوبے کی تقریب سے خطاب

بدھ 23 مئی 2018 23:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مجموعی قومی پیداوار میں اضافے اور ملکی ترقی کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے باچہ خان ائیر پورٹ پشاورکے توسیعی منصوبے کی اففتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پشاور ائیر پورٹ ملک کا چوتھا مصروف ترین ائیر پورٹ ہے اس لئے اس کی توسیع ناگزیر تھی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ائیر ٹرانسپورٹ سسٹم میں انقلابی تبدیلیاں لائی ہے اور آج ملک کے اہم ہوئی اڈوں پر مسافروں کو ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر سہولیات میسر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بھی کامیاب ہو چکی ہے اور ملک میں اضافی بجلی دستیاب ہے جبکہ حکومت کی متعارف کردہ ٹیکس اصلاحات کے نتیجے میں بھی ملک ترقی کی راہ پر آگے بڑھا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اگلے ہفتے وہ کوئٹہ ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر ہوائی بازی سردار مہتاب احمد خان نے بھی خطاب کیا۔باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی توسیع،تعمیرومرمت اورتزئین وآرائش کامنصوبہ3ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو اہے جس میں جدیدمشینری کی تنصیب بھی شامل ہے ،سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیراہتمام 3ارب کی لاگت سے باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی توسیع،تعمیرومرمت اورتزئین وآرائش کامنصوبہ جنوری 2016ء میں شروع کیاگیاتھااس منصوبے کے تحت ائیرپورٹ میں 5جدیدلفٹ،5ایلسکلیٹر،2بورنگ بریجزنصب کردئیے گئے ہیں جبکہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل انتظار گاہوں میں مسافروں کیلئے گنجائش اور سہولیات میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے ۔