کشمیری نوجوان کو جیپ سے باندھنے والا بھارتی فوج کا میجر لڑکی سمیت گرفتار

بدھ 23 مئی 2018 23:50

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) کشمیری نوجوان کو جیپ سے باندھ کر ڈھال بنانے والا بھارتی فوج کے میجر نتن گوگی کوہوٹل کے کمرے سے لڑکی سمیت گرفتارکرلیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری نگر میں کشمیری نوجوان کو اپنی گاڑی سے باندھ کر گھمانے والے میجر گوگی کو نوجوان لڑکی کے ہمراہ ہوٹل کے کمرے سے قابل اعتراض حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میجر نتن گوگی کی پوسٹنگ بڈگام کے علاقے میں تھی جہاں وہ گرینڈ ممتا ہوٹل میں 19 سالہ لڑکی کو لیکر آیا جس پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور ہوٹل کا گھیرائوکرکے نعرے بازی کی۔ ہوٹل انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد ایس ایس پی سری نگر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر میجر کو لڑکی سمیت حراست میں لے لیا۔واضح رہے کہ میجر نتن گوگی راشٹریہ ریفل کی 53 بٹالین سے تعلق رکھتا ہے اور گزشتہ برس اپریل میں کشمیری نوجوان کو انسانی ڈھال بنانے کے حوالے سے بھی تنقید کا نشانہ بنا تھا۔