وینزویلا کا امریکا کی جانب سے اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے ردعمل میں امریکی سفیر کو 48 گھنٹوں میں ملک سے نکل جانے کا حکم

بدھ 23 مئی 2018 23:49

کراکس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) وینزویلا نے امریکا کی جانب سے اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے ردعمل میں امریکی سفیر کو 48 گھنٹوں میں ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر نکولاس مادورو نے اعلٰی ترین امریکی سفیروں بشمول ٹوڈروبنسن اور برائن ناانیوس کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک سے نکل جانے کا حکم جاری کردیا ہے۔

دونوں سفیروں پر وینزویلا کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی اور منتخب حکومت کے خلاف سازش کرنے کے الزامات تھے۔دوسری بار صدارت کا عہدہ سنبھالنے والے نکولاس مادورو نے امریکی سفیروں کو ملک بدری کا حکم امریکا کی جانب سے وینزویلا پر عائد کی گئی اقتصادی پابندیوں کے بعد دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں ہونے والے انتخابات کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے تیل کی ترسیلات سے متعلق معاہدوں کو معطل کردیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکا اور یورپی ممالک سمیت دیگر عالمی قوتوں نے وینزویلا میں ہونے والے متنازعہ انتخابات کو جعلی اور بوگس قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا جب کہ ان انتخابات میں وینزویلا کی اپوزیشن جماعتوں نے بھی بائیکاٹ کیا تھا۔ ان انتخابات میں صدر نکولاس نے 68 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جب کے مخالف امیدوار کو کٴْل ووٹ کے 21 فیصد ووٹ ملے تھے۔

متعلقہ عنوان :