وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام لیلیٰ خان کے ہمراہ یوتھ ٹریننگ سکیم کے انٹرنیز کی ملاقات

نوجوان گریجویٹس محنت اور لگن کے ذریعے ملکی سماجی و معاشی ترقی میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کریں ،شاہد خاقان عباسی

بدھ 23 مئی 2018 23:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام لیلیٰ خان کے ہمراہ وزیراعظم یوتھ ٹریننگ سکیم کے انٹرنیز نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ان انٹرنیز نے حال ہی میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں سے ایم اے اور بی ایس کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپریل، مئی 2016ء میں وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کی 6 سکیموں کا آغاز کیا تھا اور یوتھ ٹریننگ سکیم اس کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ پیشہ وارانہ تربیت بھی فراہم کرنا ہے۔ اس سکیم کے تحت ایم اے، تین سالہ ڈپلومہ ایسوسی ایٹ انجینئرنگ یا وفاق المدارس سے شہادت العالمیہ کے طالب علموں کو 12 ماہ تک 15 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اب تک 95 ہزار نئے گریجویٹس کو سکیم کے پہلے اور دوسرے مرحلہ کے تحت نجی و سرکاری شعبہ کے اداروں/محکموں میں انٹرن شپ دی گئی ہے۔ یہاں یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ کامیاب انٹرنیز کی اکثریت کو یا ملازمت مل چکی ہے یا انہوں نے اپنے طور پر کاروبار و روزگار کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے عملی زندگی کیلئے قابل قدر تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سکیم کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان گریجویٹس کے جذبہ کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کے ذریعے ملکی سماجی و معاشی ترقی میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کریں۔