ملک میں کمی صرف کرپشن سے پاک باصلاحیت اور دیانتدار قیادت کی ہے،سابق وزیر بلدیات

بدھ 23 مئی 2018 23:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) سابق سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈ رجماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی قسم کے وسائل کی کوئی کمی نہیں اگر کسی چیز کی کمی ہے تو صرف اور صرف کرپشن سے پاک باصلاحیت اور دیانتدار قیادت کی ہے، صرف ملاکنڈ ڈویژن میںچالیس ہزار میگا وواٹ بجلی پید ا کرنے کی گنجائش موجود ہیں جوپورے ملک کے بجلی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے کافی ہے ۔

ہماری لڑائی کسی فرد یا خاندان سے نہیں بلکہ اس ظالمانہ استحصالی نظام سے ہے جو ستر سال سے ملک پر مسلط ہے ۔ غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بد امنی جیسے تحفے ان حکمرانوں کے ہیں ۔ ہم جمہوری طریقے اور عوام کی تائید سے ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

تبدیلی اور انقلاب کا راستہ پولنگ بوتھ سے ہو کر گزرتاہے ۔وہ دیر بالا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔

اجتماعات سے ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ ، ضلع ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ ،تحصیل ناظم دیر بالا میر مخزن الدین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ستر سال میں ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام کو موقع دیا گیا نہ آئین میں موجود اسلامی دفعات پر عمل کیا گیا ۔یہی وجہ ہے کہ ملک میں غربت ، جہالت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی مسلسل بڑھ رہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ کروڑوں بچے سکولوں سے باہر اور تعلیم سے محروم ہیں اور لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی محرومیوں کے اصل ذمہ دار وہی لوگ ہیں جو سیاست اور اقتدار پر صرف اپنا حق سمجھتے ہیں ۔ انہوںنے کہ 2018 ء کے انتخابات کرپٹ مافیا کے لیے یوم حساب ہوگا ۔ عوام کرپشن اور لوٹ مار کے اس نظام سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارے کے لیے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں۔