جماعت اسلامی سندھ کے تحت 10 ماہ رمضان کو یوم باب الاسلام سندھ بھر میں بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا،ڈاکٹر معراج الہدیٰ

بدھ 23 مئی 2018 23:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 10 ماہ رمضان المبارک کو یوم باب الاسلام سندھ بھر میں بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ صوبائی اعلامیہ کے مطابق 10 رمضان المبارک کو یوم باب الاسلام کے حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں جلسے مذاکرے اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ جن سے ممتاز دانشور، علماء کرام سمیت جماعت اسلامی کے مرکزی ، صوبائی و مقامی قائدین فاتح سندھ محمد بن قاسم کے ناقابل فراموش کردار پر اظہار خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ باب الاسلام سندھ کے عوام محسن سندھ محمد بن قاسم کوکبھی بھی نہیں بھولیں گے،جنہوں نے سندھ میں قائم راجہ داھر کے ظالمانہ راج کو ختم کرکے سندھ کو باب الاسلام ،امن وآتشی کا گھوارہ بنایا۔عوام 10رمضان المبارک کو یوم باب الاسلام کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے محسن سندھ محمد بن قاسم کو بھرپور خراج عقیدت پیش کریں گے۔صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی بدین،حافظ نصراللہ عزیزکراچی ، عبدالحفیظ بجارانی لاڑکانہ میں یوم باب الاسلام کے حوالے سے منعقدہ تقاریب سے خطاب کریں گے۔