شہباز شریف کا ملک کی سیاسی صورتحال اور نگراں حکومتوں کی تشکیل کے مراحل کی وجہ سے چین کا دورہ منسوخ

مسلم لیگ (ن) کے صدرکی جگہ سینیٹر مشاہد حسین سید (آج)چین کے 3روزہ دورے پر روانہ ہوں گے مشاہد حسین سید چینی کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر سیاسی جماعتوں کی کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی کریں گے

بدھ 23 مئی 2018 23:16

شہباز شریف کا ملک کی سیاسی صورتحال اور نگراں حکومتوں کی تشکیل کے مراحل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ملک کی سیاسی صورتحال اور نگراں حکومتوں کی تشکیل کے مراحل کی وجہ سے چین کا دورہ منسوخ کر دیا،اب ان کی جگہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید (آج)جمعرات کو چین کے 3روزہ دورے پر جائیں گے، وہ چین میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر سیاسی جماعتوں کی کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چین کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر میاں شہباز شریف کوسیچوان میں ہونے والی ایشیائی ممالک کی سیاسی پارٹیوں کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم پاکستان کی سیاسی صورتحال مرکز اور پنجاب میں نگراں حکومتوں کی تشکیل کے پیش نظر شہباز شریف نے اپنا دورہ چین منسوخ کر دیا اور اب ان کی نمائندگی سینیٹر مشاہد حسین سید کریں گے جو (آج) جمعرات کو 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہوجائیں گے، وہ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاک چین تعلقات، سی پیک منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت و دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے، مشاہد حسین سید 28 مئی کی صبح وطن واپس آ جائیں گے۔