بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرنے کا سب سے پہلے مشورہ مشاہد حسین سید نے دیا تھا‘انہوں نے کہا تھا کہ آپ کو بھارت کی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے جس پر میں انہیں شاباش دینا چاہتا ہوں

مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 23 مئی 2018 22:35

بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرنے کا سب سے پہلے مشورہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ مئی 1998میں بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان کے ایٹمی دھماکے کرنے کا سب سے پہلے انہیں مشورہ سابق وزیر اطلاعات سینیٹر مشاہد حسین سید نے دیا تھا، اور انہوں نے کہا تھا کہ آپ کو بھارت کی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے جس پر میں انہیں شاباش دینا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

پنجاب ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جب بھارت نے 11مئی 1998کو ایٹمی دھماکے کئے تو میں اس وقت قازقستان کے دارالحکومت الماتی میں موجود تھا اور جب صبح یہ اطلاع ملی تو مشاہد حسین سید جو اس وقت کے وزیر اطلاعات تھے میرے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے سب سے پہلے مجھے یہ مشورہ دیا کہ ہمیں بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دینے میں دیر نہیں کرنی چاہیے اور اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے، جس پر میں انہیں شاباش دیتا ہوں اور انہوں نے بہت اچھا مشورہ دیا تھا۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے انہوں نے کہا کہ 11 مئی 1998 میں الماتی میں بھارتی دھماکوں کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد نواز شریف صاحب سے اس معاملے پر بات چیت ہوئی۔