پیپلزپارٹی کے کارکن ہی پارٹی کا اصل سرمایہ اور طاقت ہیں، آصف زرداری

جیالے جب میدان میں آتے ہیں تو بھٹو مخالف عناصر کی شکست یقینی ہوتی ہے ہم عوا م کے ووٹ کے ذریعے قبضہ گیروں سے پنجاب واپس لیں گے، وفد سے ملاقات

بدھ 23 مئی 2018 22:58

پیپلزپارٹی کے کارکن ہی پارٹی کا اصل سرمایہ اور طاقت ہیں، آصف زرداری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکن ہی پارٹی کا اصل سرمایہ اور طاقت ہیں۔ جیالے جب میدان میں آتے ہیں تو بھٹو مخالف عناصر کی شکست یقینی ہوتی ہے۔ ہم عوا م کے ووٹ کے ذریعے قبضہ گیروں سے پنجاب واپس لیں گے۔

بدھ کے روز بلاول ہائو س لاہور میں سابق وفاقی وزیر تسنیم احمد قریشی کی قیادت میں ملاقات کے دوران سابق صدر نے کہا کہ دنیا دیکھے گی کہ بھٹو کے چاہنے والے ناقابل شکست قوت بن کر انتخابی میدان میں اتریں گے اور فتح حاصل کریں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مخالفین کے پاس سوائے رونے دھونے اور کھوکھلے دعو ئو ں کے سوا کچھ بھی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پی ٹی آئی نے کے پی میں تباہی کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔

اس طرح گزشتہ دس سال سے پنجاب میں نواز لیگ کی حکومت ہے اس نے نوجوانوں، کسانوں اور محنت کشوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ چھوٹے سرکاری ملازمین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے منشور کے مطابق نوجوانوں، کسانوں اور محنت کشوں کو مشکلات سے نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ سکون کا سانس لیتے ہیں۔

نوجوانوں کو ملازمتیں ملتی ہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ ہوتا ہے، کسانوں کو محنت کا پھل ملتا ہے مگر جب پیپلزپارٹی اقتدار میں نہیں ہوتی تو نوجوانوں کے لئے روزگار کے دروازے بند کئے جاتے ہیں، سرکاری ملازمین کو انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور کسانوں کا معاشی قتل کیا جا تا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے غریبوں کے مشکلات کے دن ختم ہونے والے ہیں۔ طارق ورک -05-18/--398