اللہ تعالیٰ کے بے پناہ انعامات کے باوجود نااہل قیادت کی وجہ سے دنیا میں مسلمانوں کا کوئی عز ت و وقار نہیں، ڈاکٹر سید وسیم اختر

فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا بھر میں گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے۔ پاکستان کے اقتدار اور اداروں پر قبضہ کرنے والوں نے ملک کو اس کے نظریے اور مقصد سے دور رکھا جس کی وجہ سے 71 ء میں ملک دو لخت ہوگیا اور آج باقی ماندہ مسائل کی دلدل میں پھنسا ہواہے، پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی جماعت اسلامی

بدھ 23 مئی 2018 22:55

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے پناہ انعامات کے باوجود نااہل قیادت کی وجہ سے دنیا میں مسلمانوں کا کوئی عز ت و وقار نہیں اور انہیں فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا بھر میں گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے۔ پاکستان کے اقتدار اور اداروں پر قبضہ کرنے والوں نے ملک کو اس کے نظریے اور مقصد سے دور رکھا جس کی وجہ سے 71 ء میں ملک دو لخت ہوگیا اور آج باقی ماندہ مسائل کی دلدل میں پھنسا ہواہے۔

70سال تک ملک کے اقتدار پر قابض رہنے والوں نے عوام کو بڑے سبز باغ دکھائے لیکن سوائے محرومی اور مایوسی کے قوم کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔عوام 2018 ء کے انتخابات میں ایم ایم اے کا ساتھ دیں ہم پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کریں گے اور پھر عالم اسلام کو متحد کرکے دنیا میں مسلمانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

آج اگر امت میں ایک صلاح الدین ایوبی ہوتا تو امریکہ کو اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کی جرا ت ہوتی نہ اسرائیل اس طرح فلسطینیوں کا قتل عام کرتا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے اصل دشمن آستین کے وہ سانپ ہیں جنہوںنے پاکستان کو ترقی سے محروم رکھا اور ملک کے وسائل ہڑپ کرتے رہے۔آستین کے ان سانپوں نے تعلیم، علاج اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے بلند و بانگ دعوے کیے اور عوام کو سبز باغ دکھائے۔ آج ملک میں غربت، مہنگائی، بے روزگاری، جہالت کے اصل مجرم یہی حکمران ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ لیڈر خود آگے بڑھنے اور خدا بننے کی کوشش کرتے ہیںاور عوام کو کیڑے مکوڑوں سے زیادہ اہمیت دینے کو تیا ر نہیں۔ اگر قوم چاہتی ہے کہ ملک سے غربت اور بدامنی کا خاتمہ ہو اور لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں ملیں تو اسے اسلامی قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔