خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان ایس سی ا و رکن ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے ،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ

بدھ 23 مئی 2018 22:02

خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان ایس سی ا و رکن ممالک کے ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملک اس سلسلے میں پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشت گردی سے متعلق افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے کیونکہ تنظیم کا مقصد ممبر ملکوں کے درمیان امن اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں باہمی تجارت، توانائی اور معاشی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان میں بنیادی ڈھانچے میں تیزی سے ہوتی ترقی کے ساتھ تجارت اور کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان دہشت گردی سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو 120رب ڈالر کا نقصان ہوا اور ہزاروں افراد کی جانیں قربان کی ہیں، پاکستان خطے کو درپیش دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف مربوط پالیسی مرتب کی، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایس سی او ملکوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں اور رکن ملک پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا حالیہ اجلاس میں پہلی مرتبہ میزبانی کررہا ہے۔یہ اجلاس 23سے 25مئی تک اسلام آبادمیں منعقد ہورہا ہے۔ جس میں چین،، قازقستان ، کرغستان، بھارت ، روس،، تاجکستان، ازبکستان اور پاکستان کے قانونی ماہر ین کے علاوہ تنظیم کے آر اے ٹی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نمائندے بھی شرکت کرینگے ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر بھارت کی اجلاس میں شرکت پر سوالیہ نشانات موجود ہیں ۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ہونے والے اس اہم اجلاس میں بھارتی وفد بھی شرکت کرے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی باضابطہ رکنیت کے بعد پاکستان میں ہونے والا یہ پہلا اجلاس ہے،اجلاس میں خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے غور کیا جائے گا۔ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے رکن ممالک میں تعاون اور رابطے بڑھانے پر بھی غور ہوگا۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے معزز مہمانوںکا شکریہ اداکیا۔ ۔ شمیم محمود