نااہل نواز شریف سزائوں سے بچنے کیلئے تماشے کررہے ہیں:ڈاکٹر طاہرالقادری

نااہل سمجھتا ہے فوج کو بدنام کرنے سے غیر ملکی مدد ملے گی مگر اسکا ٹھکانہ جیل انجام رسوائی ہے

بدھ 23 مئی 2018 21:26

نااہل نواز شریف سزائوں سے بچنے کیلئے تماشے کررہے ہیں:ڈاکٹر طاہرالقادری
․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف سزائوں سے بچنے کیلئے تماشے کررہے ہیں، نااہل سمجھتا ہے فوج کو بدنام کرنے سے غیر ملکی مدد ملے گی مگر یہ ان کی خام خیالی ہے، نااہل کا ٹھکانہ جیل اور انجام عبرتناک رسوائی ہے۔ نواز شریف کے جھوٹے ہونے پر عدالت نے مہر لگا دی،ان کے کسی الزام کی کوئی حیثیت نہیں،ماڈل ٹائون میں 14 لوگوں کو قتل کرنے کی ایف آئی آر درج کرنے سے انکار پر دھرنا دیا۔

شریف برادران سانحہ ماڈل ٹائون کے ماسٹر مائنڈ اور بے گناہ شہریوں کے قاتل بھی ہیں،انہیں پتہ ہے پاناما کے جھوٹ پکڑے جانے کے بعد سانحہ ماڈل ٹائون میں بھی یہ ٹرائل ہونے جارہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں وکلاء رہنمائوں کے ایک اجلاس سے ٹیلیفون پر خطاب کر رہے تھے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اصغر خان کیس ثابت کرنے کیلئے کافی ہے کہ کون کس کا آلہ کار تھا، ایجنسیوں سے پیسے لے کر الیکشن جیتنے والے آج کس منہ سے دوسروں پر الزام لگارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایجنسیوں کا کردار ختم کرنے کیلئے اصغر خان کیس کے فیصلے پر من و عن عمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین بار وزیراعظم بننے والے اس کرپٹ شخص نے لوٹ مار کی دولت سے لندن میں محلات تعمیر کیے، منی ٹریل کے حوالے سے پارلیمنٹ، قوم سے خطاب اور سپریم کورٹ میں مسلسل غلط بیانی کی، جب ان کے سارے جھوٹ پکڑے گئے اور انہیں جیل نظر آنا شروع ہو گئی تو انکشافات کا سہارا لینا شروع کر دیا۔

جو شخص عدالت سے مستند جھوٹا قرار پا چکا ہے اس کے کسی بیان اور الزام کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کے پیغام لانے والے کے خلاف بطور وزیراعظم اس وقت کارروائی کیوں نہیں کی جنگ کے بعد یاد آنے والے گھونسے اپنے منہ پر جتنے مرضی ماریں سزائوں سے نہیں بچ سکیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اپنے ہی ملک کے سلامتی کے حساس اداروں پر تہمتیں لگانا اخلاقی دیوالیہ پن ، وطن دشمنی اور ڈھٹائی کی انتہا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اگست 2014 ء کے دھرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر سانحہ ماڈل ٹائون کی قتل و غارت گری کا پلان بنایا اور اس پلان کو اپنے چھوٹے بھائی وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ذریعی100 لوگوں کو گولیاں مروا کر پایہ تکمیل تک پہنچایا اور جب ہم سانحہ ماڈل ٹائون کی ایف آئی آر درج کروانے گئے تو ایف آئی آر درج نہ ہونے دی، غیر جانبدار جے آئی ٹی بنانے سے انکار کیا، دس روز تک ماڈل ٹائون کا محاصرہ کیا، شریف برادران کے اس ظلم اور بربریت کے خلاف بطور احتجاج اسلام آباد گئے اور ہمارے احتجاج کے نتیجے میں ہی ایف آئی آر کا اندراج ممکن ہو سکا ورنہ ان ظالموں نے ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے عدالتی حکم ماننے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے عدلیہ، فوج اور ملک دشمن بیانات کی پرزورمذمت کرتا ہوں۔