نواز شریف فوج کو بدنام کرنے کی گندی مہم بند کردیں : خرم نواز گنڈا پور

ْلاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹائون کاحصہ بننے والے افسران کا ریکارڈ طلب کر لیا

بدھ 23 مئی 2018 21:21

نواز شریف فوج کو بدنام کرنے کی گندی مہم بند کردیں : خرم نواز گنڈا پور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ نوجوان نواز شریف کے فوج اور وطن دشمن بیانات پر پریشان ہیں اور وہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا ریاست اور اس کے ادارے اتنے کمزور ہو گئے کہ ایک کرپٹ،قاتل اور بد عنوان شخص ان سے کنٹرول نہیں ہو رہا اور وہ مسلسل پاک فوج،عدلیہ،نیب سمیت ہر ادارے کے خلاف زبان درازی کر رہا ہے ۔

نواز شریف کو اب ملک اور فوج کو بدنام کرنے کی گندی مہم بند کرنا ہو گی۔وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آج لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے ان تمام پولیس افسروں کی آمد و رفت کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے جو سانحہ ماڈل ٹائون کی قتل و غارت گری میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

اب ایک اہم راز سے پردہ اٹھنے جا رہا ہے۔

پنجاب پولیس کو اب بتانا ہو گا کہ ڈی آئی جی،ایس پی،ڈی ایس پی،انسپکٹر رینک کے افسر بھاری نفری کے ساتھ ماڈل ٹائون میں کس کے حکم پر جمع ہوئی انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا اصل خوف سانحہ ماڈل ٹائون کی تیزی سے آگے بڑھتی ہوئی کارروائی ہے۔کرپشن کیس میں اشرافیہ جیل جائے گی لیکن سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں یہ پھانسی چڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شُبہ نہیں کہ پولیس نے شہباز شریف کے ایما پر سانحہ ماڈل ٹائون میں قتل عام کیا اور اس قتل عام کی منصوبہ بندی ایوان وزیر اعظم میں ہوئی،اب آئندہ چند دنوں میں قاتل بے نقاب ہونگے۔