Live Updates

اورنج لائن پیکیج ٹو پر بھی میٹرو ٹرین آزمائشی طور پر کامیابی سے چلا دی گئی ‘خواجہ احمد حسان

تعمیر و ترقی کے سفر اور عام شہریوں کو عزت دینے کی کوششوں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی‘چیئر مین سٹیر نگ کمیٹی

بدھ 23 مئی 2018 20:54

اورنج لائن پیکیج ٹو پر بھی میٹرو ٹرین آزمائشی طور پر کامیابی سے چلا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) اورنج لائن پیکیج ٹو پر بھی میٹرو ٹرین آزمائشی طور پر کامیابی سے چلا دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اورسٹیر نگ کمیٹی کے چیئر مین خواجہ احمد حسان نے علی ٹائون رائے ونڈ روڈ پر تعمیر کئے جانے والے سٹیبلنگ یارڈ میں میٹرو ٹرین کے ٹرائل رن (آزمائشی سروس) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر رانا مشہود خان ‘ ارکان اسمبلی مہر اشتیاق احمد ‘ افضل کھوکھر ‘ میاں مرغوب احمد ‘ سیف الملو ک کھوکھر ‘ کمشنر لاہور عبداللہ سنبل ‘میئر لاہور مبشر جاوید ‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈ ی اے شکیل احمد ‘ چیف انجینئر ٹیپا و ایل ڈی اے مظہر حسین خان ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کے علاوہ شہریوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

میٹر و ٹرین علی ٹائون رائے ونڈ روڈ سے سکیم موڑ ملتان روڈ پر واقع سٹیشن نمبر18تک کم رفتار سے چلائی گئی ۔9کلومیٹر کا یہ فاصلہ 25منٹ میں طے کیا گیا۔ اس موقع پر با ت چیت کر تے ہوئے خواجہ احمد حسان نے کہا کہ تمام تر پروپیگنڈے اور تاخیری حربوں کے باوجود میٹر وٹرین منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔یہ کامیابی ہماری مخلصانہ کوشش کے عوض اللہ تعالیٰ کا انعام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جو کہا وہ کر دکھایا‘تعمیر و ترقی کے سفر اور عام شہریوں کو عزت دینے کی کوششوں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی ۔ میٹرو ٹرین منصوبہ شہبازشریف کی پرعزم قیادت کا شاہکار اور لاہور کے شہریوں اور ان کی آئندہ نسلوں کے لئے ایک عظیم الشان تحفہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ میٹرو ٹرین کے 26میں سی20سٹیشنوں کے درمیان پٹری بچھا دی گئی ہے ۔

باقی 6سٹیشنوں کے درمیان اگلے ماہ تک پٹری بچھاکر ایک سے دوسرے سر ے تک ٹرین کا راستہ مکمل کر لیا جائے گا۔ خواجہ احمد حسان نے بتا یا کہ میٹرو ٹرین کے تمام 24بالائے زمین سٹیشنوں اور ایک زیر زمین سٹیشن کا گرے سٹرکچر مکمل کر لیا گیا ہے ۔ جبکہ جی پی او سٹیشن کا گرے سٹرکچر تعمیر کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 13.7کلو میٹر طویل پیکیج ون کے 10.9کلومیٹر طویل حصہ پر پٹری بچھا دی گئی ہے ۔

جبکہ 13.4کلومیٹر طویل پیکیج ٹو کے 9کلومیٹر حصے پر پٹری بچھا ئی گئی ہے ۔ اسی طرح مجموعی طور پر 27کلومیٹر میں سے 20کلو میٹر پٹری بچھا دی گئی ہے ۔ منصوبے کے تحت پیکیج ون کے سٹیشنوں پر نصب کئے جانے والے 77برقی زینوں میں سے 73برقی زینے نصب کئے جا چکے ہیں جبکہ پیکیج ٹو کے 80میں سے 65برقی زینے لگا دیئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتا یا کہ پیکیج ون کے سٹیشنوں پر نصب کی جانے والی 48میں سے 46لفٹیں جبکہ پیکیج ٹو کے سٹیشنوں پر نصب کی جانے والی 52میں سے 44لفٹیں بھی نصب کر دی گئی ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ میٹرو ٹرین کی بوگیاں چین سے درآمد کی گئی ہیں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کی گئی ہیں جو آرام دہ اور مکمل طور پر ائرکنڈیشنڈ ہیں۔ ایک ٹرین پانچ بوگیوں پر مشتمل ہے ‘ہر بوگی کی لمبائی 20میٹرہے جس میں 60نشستیں لگائی گئی ہیں اور معمر اور معذور افراد اورخواتین کے لئے علیحدہ نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ ایک بوگی میں بیک وقت 200افراد سفر کر سکتے ہیں ‘ ان کی رہنمائی کے لئے ٹرین میں پبلک ایڈریس سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے جس کے ذریعے آگے آنے والے سٹیشن کا اعلان کیاجائے گا۔

بجلی سے چلنے والی اس ٹرین کے دروازے آٹو میٹک ہیں ‘ اس کے علاوہ پلیٹ فارم پر بھی دروازے نصب کئے جا رہے ہیں جن کی مدد سے مسافروں کی دوہری سیفٹی کو یقینی بنایا گیا ہے - بزرگ اور معذور افراد کے پلیٹ فارم تک پہنچنے کے لئے سٹیشنوں پر برقی زینے لگانے کا کاکام تیزی سے جاری ہی- اورنج لائن کے لئے درکار تمام 27ٹرین سیٹ در آمد کر لئے گئے ہیں۔

14ٹرین سیٹ ڈیرہ گجراں میں واقع ڈپو جبکہ 13علی ٹائون میں واقع سٹیبلنگ یارڈ میں پارک کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا89فیصد تعمیراتی اور72فیصد الیکٹریکل و مکینکل ورک مکمل کر لیا گیا ہے ۔ مجموعی طورپرمنصوبے کا 89فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا94فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 85فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا89فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 91فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔اس کے علاوہ منصوبے کا72فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات