شہبازشریف کی ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت ،حوالدار شاہد ،شہری محمد اسلم کی شہادت پر اظہار افسوس

بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے،پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

بدھ 23 مئی 2018 20:54

شہبازشریف کی ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے حوالدار شاہد اور شہری محمد اسلم کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار شاہد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام اور قابل مذمت فعل ہے۔بھارت شہری آبادیوں کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور پاکستانی فوج ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور موثر جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار خطے کے امن کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔پاکستان کی پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔