ْسپریم کورٹ نے وزیر مملکت طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت (کل) تک ملتوی کردی

بدھ 23 مئی 2018 20:38

ْسپریم کورٹ نے وزیر مملکت طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت (کل) جمعرات کی صبح تک ملتوی کردی ہے اور پیمرا کے گواہ جی ایم آپریشنز محمد طاہر کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے وزیرمملکت کو ہدایت کی ہے کہ گواہان کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

بدھ کوجسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اورجسٹس سجادعلی شاہ پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضٰی نے پیش ہوکرعدالت کوبتایا کہ ہم نے گواہان کی فہرست عدالت کوپیش کردی ہے،ہمیں گواہان کو بلاکر بیان قلمبند کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔ فاضل وکیل کا کہنا تھا کہ ہم گواہان کو جلد عدالت میں لے آئیں گے، ہمیں ایک ہفتے کاوقت دیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے جی ایم آپریشنز پیمرا محمد طاہر کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت آج ایک بجے تک ملتوی کردی۔