اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے معاہدوں کی شفافیت اور لاگت کی تفصیلات منظر عام پر لانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

بدھ 23 مئی 2018 19:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے معاہدوں کی شفافیت اور لاگت کی تفصیلات منظر عام پر لانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔یہ درخواست آمنہ ملک نامی شہری نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے میٹرو ٹرین کے لیے جو معاہدے کیے ہیں ان میں شفاعیت کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔

(جاری ہے)

میٹرو ٹرین منصوبے کے نام پر منظور نظر افراد کو ٹھیکے دیئے ہیں اور قواعد و ضوابط کا خیال نہیں رکھا۔ میرٹ کو نظر انداز کرنے سے منصوبے کی لاگت میں دگنا اضافہ ہوا جس سے حکومتی خزانے پر بوجھ بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے کی لاگت طے پانے والے معاہدہ جات حاصل کئے جانے والے قرضوں اور کنٹریکٹرز کی تفصیلات منظر عام پر لائے بغیراصل لاگت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت منصوبے کی لاگت اور دیگر تفصیلات منظرعام پر لانے کا حکم دے۔