امریکی پابندیاں، برٹش پٹرولم نے بھی ایران سے کوچ کر لیا

برٹش پٹرولیم سمندرمیں تیل اور گیس کے منصوبوں پر ایران کے ساتھ مل کر کام کررہی تھی

بدھ 23 مئی 2018 17:41

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) امریکا کی جانب سے ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں عالمی کمپنیوں کا ایران سے واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کئی یورپی اور غیرملکی سرمایہ کار کمپنیاں ایران سے واپس جا چکی ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی پابندیوں کے خطرات کے پیش نظر ایران سے واپس ہونے والی کمپنیوں کی فہرست میں برٹش پٹرولیم بھی شامل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

برٹش پٹرولیم سمندرمیں تیل اور گیس کے منصوبوں پر ایران کے ساتھ مل کر کام کررہی تھی۔ برٹش پٹرولیم شمالی اسکاٹ لینڈ میں الرام گیس فیلڈ میں ایران کے ساتھ مل کر کام کررہی تھی۔ اس منصوبے میں بی پی اور ایران کی ایل اوسی کے 50، 50 فی صد مساوی شیئرز تھے۔کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ بی پی امریکا کی طرف سے عاید کردہ نئی پابندیوں کے تناظر میں ایران کے ساتھ مزید کام جاری رکھنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ ایران کے بارے میں امریکی انتظامیہ کے حالیہ اقدامات کے بعد کمپنی ایران سے متعلق اپنے بعض منصوبوں پر کام کو موخر کررہی ہے۔